ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہاتھرس متاثرہ کے اہل خانہ سے پولیس کی زیادتی ناقابل قبول: راہل-پرینکا

ہاتھرس متاثرہ کے اہل خانہ سے پولیس کی زیادتی ناقابل قبول: راہل-پرینکا

Sat, 03 Oct 2020 21:48:25    S.O. News Service

نئی دہلی،3؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور اترپردیش کی پارٹی انچارج و جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ہاتھرس کی متاثرہ لڑکی کے لواحقین کے ساتھ پولیس کی بدسلوکی اور پولیس کے طریق کار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں دھمکایا اور ڈرایا جا رہا ہے، اسے برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’اس پیاری بچی اور اس کے کنبہ کے ساتھ اتر پردیش حکومت اور اس کی پولیس کے ذریعہ جو سلوک کیا جا رہا ہے وہ مجھے قبول نہیں۔ کسی بھی ہندوستانی کو یہ قبول نہیں کرنا چاہیے۔‘‘

پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’اتر پردیش حکومت اخلاقی طور پر کرپٹ ہے۔ متاثرہ کا علاج نہیں کرایا، وقت پر شکایت نہیں لکھی، جسد خاکی کو زبردستی جلایا گیا، کنبہ قید ہے، انہیں دبایا جا رہا ہے۔ اب انہیں دھمکی دی جا رہی ہے کہ نارکو ٹسٹ ہوگا۔ یہ سلوک اور رویہ ملک کو قبول نہیں ہے۔ متاثرہ کے گھر والوں کو دھمکیاں دینا بند کیجیے‘‘۔

دریں اثنا کانگریس نے ہفتہ کے روز جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ اور دیگر سینئر قائدین کی ایک ٹیم آج ہاتھرس کا دورہ کرے گی اور متاثرین کے ساتھ پولیس کے رویہ کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرے گی۔


Share: